ویب ڈیسک ۔۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اسکواڈ میں گزشتہ سال جنوبی افریقہ میں کھیلی گئی ون ڈے سیریز کے مقابلے میں 4 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ عبداللہ شفیق، محمد عرفان خان، صائم ایوب اور سفیان مقیم کی جگہ فہیم اشرف، فخر زمان، خوشدل شاہ اور سعود شکیل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ میں بیٹرز کے طور پر بابر اعظم، فخر زمان، کامران غلام، سعود شکیل اور طیب طاہر شامل ہیں۔ آل راؤنڈرز میں فہیم اشرف، خوشدل شاہ اور سلمان علی آغا (نائب کپتان) شامل ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹرز میں محمد رضوان (کپتان) اور عثمان خان بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
بولرز میں اسپنر ابرار احمد اور فاسٹ بولرز حارث رؤف، محمد حسنین، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 پاکستان میں 19 فروری سے 9 مارچ تک منعقد ہوگی۔ پی سی بی کے پاس اسکواڈ میں تبدیلی کے لیے 11 فروری تک کا وقت ہے، اس کے بعد کسی بھی تبدیلی کے لیے آئی سی سی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی کی طبی بنیادوں پر منظوری درکار ہوگی۔
پاکستان کی چیمپئنزٹرافی کےہائبرڈماڈل پرمشروط رضامندی
یہی ٹیم چیمپئنز ٹرافی سے قبل کراچی اور لاہور میں ہونے والی سہ فریقی ون ڈے سیریز میں بھی حصہ لے گی، جس میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔ پاکستان چیمپئنز ٹرافی میں اپنا پہلا میچ 19 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں کھیلے گا۔