ویب ڈیسک: جنوبی افریقہ کی ٹیم ایک بار پھر ‘چوکرز’ کا داغ مٹانے میں ناکام رہی اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 50 رنز سے شکست کھا بیٹھی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 362 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی اننگز میں راچن رویندرا اور کین ولیمسن نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچریاں اسکور کیں۔ دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 164 رنز جوڑے۔ رویندرا نے 108 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں ایک چھکا اور 13 چوکے شامل تھے، جبکہ کین ولیمسن نے 102 رنز بنائے جس میں 2 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔ آخر میں ڈیرل مچل اور گلین فلپس نے بھی جارحانہ بیٹنگ کی، ڈیرل مچل 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ فلپس 49 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مشکلات کا شکار رہی اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 312 رنز ہی بنا سکی۔
کیاکرسچیانورونالڈواسلام قبول کرناچاہتےہیں؟
جنوبی افریقہ کے لیے ڈیوڈ ملر نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 67 گیندوں پر ناقابل شکست 100 رنز بنائے لیکن وہ ٹیم کو جیت کی دہلیز تک نہ پہنچا سکے۔ وین ڈر ڈوسین نے 69 جبکہ کپتان ٹیمبا باؤما نے 56 رنز بنائے۔ ایڈن مارکرم 31 رنز جبکہ ہینرچ کلاسن صرف 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
نیوزی لینڈ کے باؤلرز نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا، مچل سینٹنر نے 3، گلین فلپس نے 2 اور میٹ ہنری نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ بھارت پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا چکا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کا فائنل 9 مارچ کو دبئی میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔