ویب ڈیسک ۔۔ تحریک انصاف نے ایک بار پھر حکومت کو غیر مشروط مذاکرات کی پیشکش کی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ اب ملک کو بہتری کی طرف بڑھانا چاہیے کیونکہ حالات بہت ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پہلے بھی مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا تھا اور سیاسی مسائل کا حل ہمیشہ سیاسی بیٹھک سے ہی ممکن ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف مذاکرات کے لیے کسی شرط کے ساتھ نہیں آتی، تاہم مطالبات ضرور سامنے رکھے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ 9 مئی کے مقدمے میں انہوں نے کیس سے ڈسچارج ہونے کی درخواست دائر کی ہے کیونکہ ان کے مطابق یہ تمام مقدمات جعلی ہیں اور ان میں بریت ہوگی۔ تحریک انصاف کی درخواست وزیراعظم اور دیگر کے خلاف ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ احتجاج کے دوران ایسے کئی واقعات ہوئے ہیں، لیکن دنیا بھر میں احتجاج کے دوران گولی نہیں چلائی جاتی۔ مظاہرین ابھی بیٹھے بھی نہیں تھے کہ شیلنگ شروع کر دی گئی تھی۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ کہا ہے کہ مذاکرات ہونے چاہئیں کیونکہ سیاسی مسائل کا حل سیاسی گفتگو سے ہی ممکن ہے۔ مذاکرات کی کوششیں پہلے بھی کی گئی تھیں لیکن ایک خاص مرحلے کے بعد ان کا رابطہ ختم ہوگیا تھا۔