ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس کھربوں ڈالرز کے معدنی ذخائر موجود ہیں، جنہیں بروئے کار لاتے ہوئے ملک قرضوں کے بوجھ سے نجات حاصل کر سکتا ہے۔
پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم سے خطاب
وزیراعظم نے پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کانفرس میں شریک تمام مندوبین کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے پر ہونے والی پیشرفت حوصلہ افزا ہے، جو کافی عرصے تک التوا کا شکار رہا تھا۔
صوبائی سطح پر معدنی وسائل کی اہمیت
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے کوئلے کے ذخائر کو توانائی کے شعبے میں استعمال کیا ہے، جبکہ پاکستان بالخصوص پنجاب اور سندھ میں زرخیز زمینیں موجود ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بلوچستان کے پہاڑوں، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی قیمتی معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں، جو کھربوں ڈالرز کی مالیت رکھتے ہیں۔ ان وسائل کو استعمال میں لا کر پاکستان اپنے معاشی مسائل پر قابو پا سکتا ہے۔
بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو دعوت
وزیراعظم نے امریکا، چین، یورپ اور دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہاں سے خام مال کی برآمد دونوں فریقین کے لیے فائدہ مند ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرمایہ کاروں کو پاکستان بھر میں کان کنی اور مشترکہ منصوبوں میں حصہ لینے کی خوش آمدید کہا جائے گا۔