افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو 31 مارچ 2025 تک پاکستان چھوڑنے کا حکم
ویب ڈیسک: وفاقی وزارت داخلہ نے افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والوں کو 31 مارچ 2025 تک پاکستان چھوڑنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کے لیے شروع کیا گیا غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کا پروگرام یکم نومبر 2023 سے نافذ العمل ہے، اور اب تمام غیر قانونی تارکین وطن سمیت افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو ملک چھوڑنے کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن 31 مارچ 2025 مقرر کی گئی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یکم اپریل 2025 سے افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کی ملک بدری کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ افغان شہریوں کو باعزت واپسی کے لیے مناسب وقت فراہم کیا جا چکا ہے۔
سرکاری اعلامیے میں یقین دہانی کرائی گئی کہ واپسی کے عمل کے دوران کسی کے ساتھ ناروا سلوک نہیں کیا جائے گا، جبکہ واپس جانے والے افراد کے لیے خوراک اور طبی سہولیات کے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔
وزارت داخلہ نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر اپنے وعدوں اور فرائض کو پورا کرتا رہا ہے اور یہاں رہنے والے تمام افراد کو ملکی قوانین کی پاسداری کرنا ہوگی۔