سپریم کورٹ کے سینئر جسٹس منصور علی شاہ نے مستعفیٰ ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہایہ صرف قیاس آرائیاں ہیں۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہابچوں کے حقوق کا عدلیہ کو مکمل احساس ہے اور انصاف کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے کام جاری رکھیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ویب ڈیسک ۔۔ سپریم کورٹ کے سینئر جسٹس منصور علی شاہ نے اپنے استعفیٰ کی خبروں کی سختی سے تردیدکردی۔۔ بچوں کے حقوق پر منعقدہ ایک تقریب میں خطاب کرنے کے بعد صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ مستعفی ہونے سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں۔ ایک صحافی نے جب ان سے سوال کیا کہ کیا آپ کے استعفے کی خبریں درست ہیں؟ تو جسٹس منصور علی شاہ نے جواب دیا: مجھے نہیں معلوم کہ آپ کو یہ فکر کہاں سے آئی، یہ سب قیاس آرائیاں ہیں، ہم بھاگ کر نہیں جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو کام میں کر سکتا ہوں، وہ جاری رکھوں گا۔ ابھی ایک کانفرنس میں شرکت کی ہے اور اس کے بعد دوسری پر جا رہا ہوں، اور جہاں تک نظام کو بہتر بنانے کا تعلق ہے، میرے پاس جتنا اختیار ہے، میں اُسے استعمال کروں گا۔
اس سے قبل، بچوں کے حقوق کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ عدلیہ کو بچوں کے حقوق کا مکمل احساس ہے۔ بچے نہ صرف ہمارے مستقبل ہیں بلکہ ہمارے حال بھی ہیں، وہ کل کے لوگ نہیں بلکہ آج کے افراد ہیں، اور اللہ کا قیمتی تحفہ ہیں۔
انہوں نے ماتحت عدلیہ کے ججز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے لیے انصاف کی اہمیت کو سمجھنا ضروری ہے۔ مفاد عامہ کے مقدمات میں کافی بہتری آتی ہے اور میں ہمیشہ یہ کہتا ہوں کہ عدالتوں میں آئیں۔ اگرچہ میں آئینی بینچ کا حصہ نہیں ہوں، لیکن ہم آپ کی درخواستیں ضرور سنیں گے۔