ویب ڈیسک ۔۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے عرب ممالک کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ہونے والے پروپیگنڈے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان اکاؤنٹس سے پی ٹی آئی کے کسی بھی تعلق سے انکار کیا ہے۔
یہ بات عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی۔ فیصل چوہدری کے مطابق، عمران خان نے جیل میں ملاقات کے دوران سوشل میڈیا پر عرب ممالک کے بارے میں پھیلائے جانے والے پروپیگنڈے کی مذمت کی اور کہا کہ اس طرح کے پروپیگنڈے سے پی ٹی آئی کا کوئی تعلق نہیں۔
عمران خان نے خاص طورپربشریٰ بی بی اور شہداکے خلاف چلنے والے پروپیگنڈہ اکاؤنٹس کی بھی مذمت کی اور ان پر واضح کیا کہ ان اکاؤنٹس کا پی ٹی آئی سے کوئی رشتہ نہیں۔ فیصل چوہدری نے مزید کہا کہ عمران خان نے ان پروپیگنڈہ اکاؤنٹس سے متعلق اہم ہدایات جاری کی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مذاکراتی کمیٹی کے اراکین کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے روکنا مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔
ذرائع کے مطابق، عمران خان نے حال ہی میں اس بات پر رضامندی ظاہر کی ہےکہ وہ اداروں کے خلاف بیانات دینے سے گریز کریں گے اور سیاستدانوں پر ہی تنقید کریں گے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے عمران خان کو اس بات کا پیغام دیا کہ اداروں پر تنقید سے سختیاں بڑھ سکتی ہیں، اور معاملات کا حل اسی صورت میں ممکن ہے اگر وہ اسٹیبلشمنٹ کے خلاف بیانات سے اجتناب کریں۔ عمران خان نے اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے یہ عہد کیا کہ وہ آئندہ اس طرح کے سخت بیانات نہیں دیں گے۔