Home / معاشی بحالی: سیاسی وعسکری قیادت یکجان

معاشی بحالی: سیاسی وعسکری قیادت یکجان

Pakistan's economic stability plan

ویب ڈیسک ۔۔ ایک ایسےوقت میں جب آئی ایم ایف محض ڈیڑھ بلین ڈالرکیلئےپاکستان کوناکوں چنےچبوارہاہے، وزیراعظم شہبازشریف نےمعاشی بحالی کےپلان بی پرعملدرآمدشروع کردیاہے۔ اس مقصدکیلئےاسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل قائم کی گئی۔ اس کونسل کابنیادی کام غیر ملکی سرمایہ کاروں کے راستے میں آنےوالی رکاوٹیں دورکرناہوگا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کونسل کےپہلےاجلاس میں آرمی چیف، چاروں وزرائے اعلٰی، وفاقی و صوبائی وزراء سمیت دیگرحکام شریک ہوئے۔

اجلاس کےاعلامیےمیں کہاگیاہےکہ پاکستان کی معاشی بحالی کے قومی پلان کا مقصد ملک کو موجودہ معاشی مسائل اور بحرانوں سے نجات دلانا ہےاور اس مقصدکیلئےغیر ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جائےگی۔ معاشی بحالی کےاس پلان میں زراعت، لائیو اسٹاک، معدنیات،کان کنی،آئی ٹی اورتوانائی جیسےشعبوں کی صلاحیت سےفائدہ اٹھایاجائےگا۔

معاشی بحالی کےقومی پلان کے تحت سرمایہ کاری اورکاروباری سرگرمیوں میں حائل تمام رکاوٹیں دورکی جائیں گی اورقومی کونسل بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے ون ونڈو کی سہولت کا کرداراداکرے گی۔ اس کےعلاوہ وفاقی اورصوبائی حکومتوں کےدرمیان اشتراک عمل پیداکیاجائےگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نےاجلاس سے خطاب کرتےہوئےکہاکہ موجودہ حکومت کومعاشی تباہی ورثے میں ملی تاہم مشکل اور دلیرانہ فیصلوں سے معیشت کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی طرف واپس لارہے ہیں۔ برآمدات بڑھانے والی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔

وزیراعظم کاکہناتھاکہ متوقع سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، نوجوانوں اور خواتین کو روزگار ملے گا۔ انہوں نےقوم کودعوت دی کہ آئیں مل کر اپنی بھرپور صلاحیتوں سے کام کرنے کا عزم کریں،اپنی توجہ بھٹکنےنہ دیں۔

اجلاس سے خطاب میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرنےکہاکہ پاک فوج معاشی بحالی کےحکومتی پلان پرعمل درآمد کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ آرمی چیف نےکہاپاک فوج اس منصوبےکوپاکستان کی سماجی ومعاشی خوش حالی، اقوام عالم میں اپنا جائزمقام واپس حاصل حاصل کرنےکی بنیاد سمجھتی ہے۔

یہ بھی چیک کریں

Defence minister Khawaja Asif

عمران خان معافی چاہتےہیں : خواجہ آصف

مانیٹرنگ ڈیسک ۔۔ وزیردفاع خواجہ آصف نےعمران خان کےجی ایچ کیوکےباہراحتجاج کی کال سےمتعلق بیان …