ممبئی: (ویب ڈیسک) شہرت اوردولت کی چکاچوندسےروشن بھارتی فلم انڈسٹری میں نوجوان اداکاروں کی اچانک موت کوئی نئی خبرنہیں البتہ ایسی خبریں دردناک ضرورہوتی ہیں ۔
ایسی ہی ایک اورمگرافسوسناک خبرکےمطابق معروف بھارتی اداکاراوررئیلٹی شو بگ باس سیزن 13 کے فاتح سدھارتھ شکلادل کا دورہ پڑنے سےانتقال کرگئے۔
بھارتی میڈیا کےمطابق 40 سالہ سدھارتھ کو ممبئی کے کوپراسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹرزنے ان کے انتقال کی تصدیق کردی۔
ابتدائی رپورٹ کےمطابق سدھارتھ کی موت دل کادورہ پڑنےسےہوئی۔
سدھارتھ کی موت کی خبر بالی وڈ انڈسٹری سمیت ان کے مداحوں پراسی طرح بجلی بن کرگری ہےجیسےاس سےپہلےسشانت سنگھ کی موت ان کےمداحوں کواداس کرگئی تھی ۔ شوبز شخصیات کی جانب سے اداکار کی موت پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
سدھارتھ شکلا فلم ہمپٹی شرما کی دلہنیا سمیت کئی بھارتی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔
سدھارتھ شکلا نے خطروں کے کھلاڑی، جھلک دکھلا جا سیزن 6 اور بگ باس کے سیزن 13 میں بھی حصہ لیا اوربگ باس کے سیزن 13 کے فاتح بھی ٹھہرے۔
سدھارتھ شکلاکی موت کےحوالےسےتاحال کوئی شک میں مبتلاکرنےوالی بات سامنےنہیں آئی ۔ یہ بھی کوئی نہیں جانتاکہ کیاسدھارتھ پرکوئی شدیددباوتھاجودل کےجان لیوادورےکاباعث بنا۔
شہنازگل اپنےحواس کھوبیٹھیں
سدھارتھ شکلاکی موت پران کی گہری دوست شہناز گِل کابراحال ہے۔ انکےخاندانی ذرائع کےمطابق سدھارتھ شکلا کی اچانک موت نے اداکارہ کو شدید صدمہ پہنچایا، جبکہ شہناز گِل کے والد نے بھارتی میڈیا کو بتایا تھا کہ شہنازاپنے حواس کھو بیٹھی ہے۔
شہناز گِل سے متعلق خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہیں کہ اُنہوں نے اپنے بگ باس کے ساتھی اور قریبی دوست سدھارتھ شکلا سے شادی کر لی ہے۔ دونوں کی ملاقات بگ باس کے سیزن 13 میں ہوئی تھی جہاں دونوں کی دوستی اورپھرمحبت میڈیا کی زینت بنی رہی۔
پوسٹمارٹم رپورٹ
بھارتی میڈیا رپورٹس کےمطابق سدھارتھ شُکلا کی موت طبعی تھی، ابتدائی رپورٹس میں موت کی وجہ ہارٹ اٹیک بتائی گئی تھی۔ اس کےعلاوہ ان کےجسم میں اندرونی یابیرونی چوٹ کےنشان بھی نہیں ملےاوران کےاہلخانہ نےبھی کسی شک و شبےکااظہارنہیں کیا۔