Home / عمران ٹرمپ کےروئیےسےسبق سیکھیں: امیرمقام

عمران ٹرمپ کےروئیےسےسبق سیکھیں: امیرمقام

Trump Zelenski fight

ویب ڈیسک: مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر اور وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے یوکرینی صدر زیلنسکی کے ساتھ روا رکھے گئے رویے سے سبق سیکھنا چاہیے۔

سوات کے علاقے اسلام پور میں نادرا سینٹر کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے لکھے گئے خطوط کا انجام صرف کچرے کی ٹوکری ہوگا، کیونکہ کوئی بھی انہیں سنجیدگی سے لینے کو تیار نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام ذاتی مفادات پر مبنی اتحادوں کو خوب جانتے ہیں اور ایسے اتحاد زیادہ دیر قائم نہیں رہتے۔

اپوزیشن کے اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ اتحاد کسی قومی مفاد یا پائیدار مقصد کے تحت نہیں بن رہے بلکہ محض ذاتی مفادات کے حصول کا ذریعہ ہیں۔ اگر اپوزیشن کو واقعی اتحاد بنانا ہے تو اسے دہشت گردی، معاشی بحران اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے بنایا جائے۔

امیر مقام نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو سول ملٹری الائنس ہضم نہیں ہو رہا، اس لیے وہ بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگلے عام انتخابات 2029 میں ہی ہوں گے اور اپوزیشن کو تب تک انتظار کرنا ہوگا۔

انہوں نے پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا میں کارکردگی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ان کے پاس عوام کے لیے کوئی ٹھوس منصوبہ نہیں، بلکہ وہ صرف اقتدار کے حصول میں مصروف ہیں۔ پہلے اسلام آباد پر قبضے کے خواب دیکھ رہے تھے اور اب وزارتوں کے لیے سرگرم ہیں، لیکن خیبرپختونخوا کے عوام کی انہیں کوئی پرواہ نہیں۔

امیر مقام نے کہا کہ صوبے کے عوام پی ٹی آئی کی حقیقت جان چکے ہیں، اسی لیے ان کی مقبولیت کا گراف تیزی سے نیچے جا رہا ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں نے بھی پی ٹی آئی کی کال کو مسترد کر دیا، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام اب ان کی حقیقت سے آگاہ ہو چکے ہیں۔

گرینڈ الائنس کے حوالے سے انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ اتحاد کس مقصد کے لیے بنایا جا رہا ہے؟ حقیقت یہ ہے کہ اپوزیشن پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کو ہضم نہیں کر پا رہی، لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملکی استحکام اور ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

یہ بھی چیک کریں

DG ISPR Press Briefing on Pak Afghan border clash

آپریشن ضرب للحق، 297 افغان کارندےہلاک، 400 سےزائدزخمی

Saturday, 28 February 2026 | Web Desk آپریشن غضب للحق میں 297 طالبان رجیم کےاہلکاراورخوارج …