ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں کھیلوں کے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو تلاش کرنے اور اُن کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے "پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام” کے لیے جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد تمام اضلاع میں نوجوان کھلاڑیوں کو یکساں مواقع فراہم کرنا ہے، جہاں خواتین اور مرد کھلاڑیوں کو برابری کی بنیاد پر آگے بڑھنے کا موقع دیا جائے گا۔
ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومت نے "یوتھ انٹرن شپ پروگرام” کی اصولی منظوری بھی دے دی ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو عملی تجربہ اور پیشہ ورانہ مہارت فراہم کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام سے اس پروگرام کے لیے تفصیلی روڈ میپ طلب کر لیا ہے۔
اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مریم نواز نے کھیلوں کے محکمے کو مالی طور پر خود مختار بنانے کی اہمیت پر زور دیا اور ہدایت کی کہ محکمہ کھیل کو اپنے وسائل پیدا کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے یہ بھی حکم دیا کہ محکمہ کھیل کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا:
"ہم ایسے پلیٹ فارمز بنا رہے ہیں جہاں ہمارا نوجوان اپنی صلاحیتوں کو پہچان سکے اور اُسے نکھار سکے۔ پنجاب کے نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مکمل مواقع فراہم کیے جائیں گے، جبکہ خواتین کھلاڑیوں کو بھی برابری کی سطح پر آگے لانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔”
ٹیلنٹ ہنٹ اور انٹرن شپ پروگرامز حکومت پنجاب کے اُس وسیع وژن کا حصہ ہیں جس کا مقصد نوجوانوں اور انسانی وسائل پر سرمایہ کاری کرتے ہوئے دوسرے صوبوں کے لیے ایک روشن مثال قائم کرنا ہے۔