ویب ڈیسک ۔۔ وزیراعظم شہباز شریف نے شام کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر پاکستانیوں کے محفوظ انخلا کے لیے دفتر خارجہ کو ہدایت دے دی ہے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں شام میں موجود پاکستانیوں کے انخلاء کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کرنے پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ شام میں مقیم پاکستانیوں کی محفوظ واپسی کے لیے ہمسایہ ممالک کے ذریعے جلد از جلد انخلا کی منصوبہ بندی کی جائے، اور اس عمل کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانیوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔
شہباز شریف نے دمشق میں پاکستانی سفارت خانے کو فوری طور پر معلوماتی ڈیسک قائم کرنے اور پاکستانیوں سے رابطہ کرنے کے لیے ہیلپ لائن شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اس کے علاوہ، امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے تک دفتر خارجہ کے کرائسز مینجمنٹ یونٹ اور شام و ہمسایہ ممالک میں پاکستانی سفارت خانوں میں 24 گھنٹے معلوماتی ڈیسک فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی۔
اس اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔