Home / عمران خان عیدکی نمازنہ پڑھ سکے

عمران خان عیدکی نمازنہ پڑھ سکے

Imran Khan Eid in Jail

تاریخ: 10 جون 2025 | تحریر: نیوز میکرزویب ڈیسک

عید قربان… جہاں باہر گلیوں میں خوشیوں کی صدائیں تھیں، بچے نئے کپڑوں میں مچل رہے تھے، گھروں میں مہمانوں کی آمدورفت اور قربانی کے گوشت کی خوشبوئیں فضا میں بکھری تھیں — وہیں، اڈیالہ جیل کےایک خاموش سیل میں پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم عمران خان اپنی چوتھی عید، خاموشی اور تنہائی کےساتھ گزار رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق، راولپنڈی کی سینٹرل جیل میں عیدالاضحٰی کی نماز دو مختلف مقامات پر ادا کی گئی — جیل کالونی کی مسجد میں صبح ساڑھے سات بجے، جبکہ مرکزی جامع مسجد میں آٹھ بجے نمازِ عید کا اہتمام کیا گیا۔ اسی طرح اڈیالہ جیل کی امام بارگاہ میں بھی مخصوص قیدیوں کے لیے نمازِ عید کا بندوبست تھا۔ لیکن… بانی تحریکِ انصاف عمران خان ایک بار پھر نمازِ عید ادا نہ کر سکے۔

جیل حکام کے مطابق، سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر نہ صرف عمران خان بلکہ دیگر اہم اور حساس قیدیوں کوان کی سیلوں سے باہر نہیں نکالا گیا۔ جیل کے اصولوں کے مطابق، سنگین مقدمات میں ملوث قیدیوں اوراہم لوگوں کو اجتماعی نماز یا دیگر تقریبات میں شرکت کی اجازت صرف غیر معمولی حالات میں دی جاتی ہے۔

ذرائع کے مطابق، عمران خان نے اپنےسیل میں تنہا نماز پڑھی، اور کچھ وقت قرآن خوانی میں گزارا۔ جیل میں موجود دیگر قیدیوں کو عید کے موقع پر معمولی رعایتیں دی گئیں — جیسے کہ خصوصی کھانا اور محدود ملاقات کی اجازت — لیکن عمران خان کے لیے یہ بھی ممکن نہ ہو سکا۔ ان کے اہلِ خانہ کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، جس نے اس تنہائی کو مزید گہرا کر دیا۔

یہ عید، عمران خان کے لیے صرف قربانی کا دن نہ تھی، بلکہ شاید "انتظار” کی قربان گاہ پر چڑھنے کا ایک اور موقع تھا۔ ان کے قریبی حلقے کہتے ہیں کہ خان اب پہلے سے زیادہ مضبوط اور خاموش ہے — وہ اپنی قید کو ایک آزمائش نہیں، بلکہ ایک مشن کا حصہ سمجھتے ہیں۔

پس منظر:
عمران خان، جو کبھی ملک کے طاقتور ترین منصب پر براجمان تھے، آج جیل کی تنہائیوں میں اپنی چوتھی عید گزار رہے ہیں۔ ان کے خلاف متعدد مقدمات زیرِ التوا ہیں، اور ان کی رہائی کا کوئی واضح وقت نظر نہیں آ رہا۔ لیکن ان کے چاہنے والےاب بھی ان کےمنتظرہیں۔

یہ بھی چیک کریں

PAF vs IAF, air superiority

بھارت کومزاچکھانےوالی پی اےایف کی لڑاکاسکواڈرن

تاریخ: 7 جون 2025 | نیوز میکرز ویب ڈیسک پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) …