ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور پارٹی کے بانی عمران خان کی رہائی کے لیے سرگرم ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے اسٹیبلشمنٹ سے پس پردہ رابطے جاری ہیں، جن میں بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈاپور مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
ایک اعلیٰ پارٹی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر جیونیوز کو بتایا کہ پی ٹی آئی کی قیادت اس بات پر متفق ہے کہ عمران خان کی رہائی اسٹیبلشمنٹ کی منظوری کے بغیر ممکن نہیں۔ تاہم، بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈاپور پرامید ہیں کہ ان کی کاوشیں کسی مثبت نتیجے تک پہنچیں گی۔
ذرائع کے مطابق، اگرچہ براہ راست ملاقاتیں نہیں ہوئیں، مگر پس پردہ مذاکرات جاری ہیں اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کسی ممکنہ مفاہمت کی صورت میں عمران خان کو بڑا ریلیف مل سکتا ہے۔ اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر سطح پر بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے کوشاں ہیں اور اس حوالےسےپرامیدبھی ہیں۔
گزشتہ دنوں بیرسٹر گوہر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے پشاور میں ملاقات بھی کی تھی۔ ذرائع کے مطابق، آرمی چیف نے اپنے دورہ پشاور کے دوران مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے صوبے میں امن و امان اور دیگر اہم معاملات پر بات چیت کی تھی۔ اس ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے، بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اس دوران سکیورٹی امور پر گفتگو ہوئی تھی۔
دوسری جانب، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اپنے تعلقات بروئے کار لا کر عمران خان کی رہائی کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تاہم، اسٹیبلشمنٹ اپنے مؤقف پر قائم ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنے معاملات خود حل کریں۔