ویب ڈیسک — چھوٹی گاڑی استعمال کرنے والےپاکستانیوں کے لیے یہ اچھی خبر ہو سکتی ہے کہ حکومت نے1000سی سی تک کی کاروں کی اسمبلی کے لیے آلات کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹی میں کمی کر دی ہے۔ اس حوالے سے ریونیو ڈویژن کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 1000سی سی کاروں یا چھوٹے انجنوں کی اسمبلی کٹس پر کسٹم ڈیوٹی 30 فیصد سے کم کر کے 15 فیصد کر دی گئی ہے۔ اسی طرح ٹائر ٹیوبوں کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹی 25 فیصد سے کم کر کے 16 فیصد کر دی گئی ہے۔
اس کے ساتھ ہی حکومت نے پرانے ماڈلز کے لیے کسٹم ڈیوٹی کو 32.5% سے کم کر کے 30% کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ 15فیصد رعایت تین سال کے لیے اور صرف انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ سے تصدیق شدہ نئے ماڈل کی کاروں کے لیے ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے مقامی کار اسمبلرز کے لیے کمپلیٹلی ناکڈ ڈاؤن کٹس پریعنی سی کےڈی کی درآمدی پابندیوں میں بھی نرمی کر دی ہے۔
اسٹیٹ بینک نے ایک باضابطہ نوٹیفکیشن میں کہا کہ مرکزی بینک نے 2 جنوری 2023 سے درآمدی پابندیوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے پیچھے بنیادی مقصد کارسازکمپنیوں کی حوصلہ افزائی کرناہے۔
پاک سوزوکی، کِیا لکی، پرنس اور دیگر چھوٹی کار ساز کمپنیاں، درآمدی پابندیوں کے خاتمے اور چھوٹی کاروں پر درآمدی محصولات میں کمی کے بعد، اب اپنی پیداوار اور فروخت کو دوبارہ متحرک کر سکیں گی۔