ویب ڈیسک: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین جے شاہ کی جانب سے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی فوج کی حمایت پر مبنی بیان پر سوشل میڈیا پرانہیں شدید تنقیدکانشانہ بنایاجارہاہے،شائقین اورماہرین نے آئی سی سی پر دہرا معیار اپنانے کا الزام عائد کر دیا۔
جے شاہ، جو بھارتی وزیرداخلہ اور بی جے پی کے اہم رہنما امیت شاہ کے بیٹے بھی ہیں، نے کھلے عام بھارتی فوج کی حمایت میں بیان دیا۔ اس پر صارفین نے آئی سی سی کی غیرجانبداری پر سوالات اٹھائے اور موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کو صرف اس وجہ سے پابندی کا سامنا کرنا پڑاکیونکہ انہوں نے 2023 میں مشرقِ وسطیٰ میں امن کی حمایت کرتے ہوئے اپنے بیٹ پر "تمام انسان برابر ہیں” کا پیغام تحریر کیا تھا۔
معروف آسٹریلوی صحافی میلکم کون نے سب سے پہلے اس دوہرے معیار کی جانب توجہ دلائی اور ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جے شاہ کے بیان سے متعلق بھارتی ویب سائٹ کی خبر شیئر کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا جے شاہ نے بطور آئی سی سی چیئرمین استعفیٰ دے دیا ہے؟ ان کی پوسٹ کے بعد یہ موضوع سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور جے شاہ کے کردار کے ساتھ ساتھ آئی سی سی کی ساکھ پر بھی بحث چھڑ گئی۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ اگر عثمان خواجہ کا پرامن پیغام سیاسی قرار دیا جا سکتا ہے تو پھر جے شاہ کا فوجی حمایت پر مبنی بیان کیوں نظرانداز کیا جا رہا ہے؟ صارفین کا مطالبہ ہے کہ آئی سی سی اپنے اصول و ضوابط پر غیر جانب دارانہ عملدرآمد کو یقینی بنائے اور سیاسی بیانات پر یکساں پالیسی اپنائے۔
ابھی تک آئی سی سی کی جانب سے اس تنازع پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔