ویب ڈیسک ۔۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 24 نومبر کے احتجاج کے بعد اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں پارٹی کے بانی و سابق وزیر اعظم عمران خان، سابق خاتون اول بشریٰ بی بی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور دیگر رہنماؤں و کارکنان کے خلاف دہشت گردی اور دیگر سنگین الزامات کے تحت مزید 8 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
مقدمات کی تفصیلات
ایک رپورٹ کے مطابق، درج کی گئی ایف آئی آرز میں انسداد دہشت گردی ایکٹ، اسمبلی ایکٹ، پولیس پر حملوں، اغوا، اور کار سرکار میں مداخلت جیسی دفعات شامل ہیں۔ یہ مقدمات اسلام آباد کے تھانہ شہزاد ٹاؤن، سہالہ، بنی گالہ، کھنہ، شمس کالونی، ترنول، نون، اور نیلور میں درج کیے گئے ہیں۔
نامزد افراد میں عمران خان کے ساتھ بشریٰ بی بی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، سلمان اکرم راجا، اور شیخ وقاص شامل ہیں۔
ترنول اور بنی گالہ تھانوں میں درج مقدمات
تھانہ ترنول میں درج مقدمے میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی سمیت سنگین الزامات شامل ہیں۔ مقدمہ سب انسپکٹر ظفر اقبال تارڑ کی مدعیت میں درج ہوا، جس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو براہ راست نامزد کیا گیا ہے۔
تھانہ بنی گالہ میں ایس ایچ او نوازش خان کی مدعیت میں درج مقدمے میں دہشت گردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
راولپنڈی میں درج مقدمات
راولپنڈی کے تھانہ ٹیکسلا اور دھمیال میں بھی انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔ ان مقدمات میں عمران خان، بشریٰ بی بی، علی امین گنڈاپور، اور دیگر رہنماؤں پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے احتجاج کے دوران سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا، شاہراہیں بند کیں، اور پولیس اہلکاروں کو اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنایا۔
ایک مقدمے میں دعویٰ کیا گیا کہ عمران خان نے اڈیالہ جیل سے رہنماؤں کو اسلام آباد کی جانب چڑھائی کا منصوبہ دیا تھا۔
دیگرملزمان
ذرائع کے مطابق، مقدمات میں سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹر اعظم سواتی، تیمور مسعود، شہریار ریاض، اور 300 سے زائد مقامی رہنماؤں و کارکنان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
پس منظر
یہ مقدمات پی ٹی آئی کی جانب سے سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے اسلام آباد میں احتجاج کے دوران پرتشدد واقعات کے بعد درج کیے گئے ہیں۔ مظاہرین پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کیے۔