ویب ڈیسک ۔۔ سینئر امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں عجیب اورانوکھااوربڑی حدتک قابل اعتراض مطالبہ کیا کہ یوکرین پر ماسکو کے حملے کے بعدروس میں کوئی شخص صدرولادیمیر پیوٹن کو قتل کردے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے’اے ایف پی‘کے مطابق نشریاتی ادارے ’فاکس نیوز‘کے میزبان سین ہینیٹی سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی سینیٹر نے کہا کہ ’یہ کس طرح ختم ہوگا؟ روس میں اس اقدام کے لیے کسی شخص کو باہر نکلنا ہوگا‘۔
بعد ازاں انہوں نے ٹوئٹ میں اپنا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ ’صرف روس کے لوگ ہی اس مسئلے کو حل کر سکتے ہیں‘۔
سینیٹر نے رومی حکمران جولیس سیزر کو قتل کرنے والے ایک رومی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کیا یہ روس میں ایک بروٹس ہے؟
کانگریس میں 20 سال سے زائد خدمات انجام دینے اور ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کے قریبی ساتھی رہنے والے سینیٹر نے روس ۔ یوکرین جنگ کے پہلے روز ایک قرارداد پیش کی تھی جس میں روسی صدر اور ان کے فوجی کمانڈروں کے ’جنگی جرائم‘ کے ارتکاب پر مذمت کی گئی تھی اور ان کے اس عمل کو انسانیت کے خلاف جرائم قرار دیا گیا تھا۔